پتوریکم نومبر (ایس او نیوز)ایک ایسی بے کس اور بے بس لڑکی جو علاج کارگرنہ ہونے سے فوت ہوچکی ہے، اس کے علاج کے نام پر ایک دھوکے باز کی طرف سے رقم جمع کرنے کی کوشش کو عوام نے ناکام کردیا اور مذکورہ شخص کی جم کر دھُنائی کرڈالی۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق کچھ ہی د ن پہلے ایک لڑکی بیماری کی سنگین کیفیت سے گزر رہی تھی۔ اس کے علاج کے لئے 8لاکھ روپوں کی ضرورت تھی۔ لڑکی کی ماں کی طرف سے امداد کی اپیل مقامی اخبارات میں شائع ہوئی۔ مگر اس کے دو تین دن بعد ہی لڑکی فوت ہوگئی۔ اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی سازش رچتے ہوئے مزمل نامی ایک شخص اس لڑکی کے گھر پہنچا اور کسی بہانے سے اس کے کچھ میڈیکل ریکارڈز حاصل کرلیے۔ پھر وہ پتور کے علاقے میں لوگوں کی رحمدلی کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے اس لڑکی کے علاج کے نام پر رقم جمع کرنے لگا۔ اس کوشش میں مزمل ان افراد سے بھی ملا جو یہ جانتے تھے کہ مذکورہ لڑکی کا انتقال ہوچکا ہے۔ان لوگوں نے دھوکے باز مزمل کی جم کر پیٹائی کی اور پھر آئندہ اس طرح کی حرکتوں سے باز رہنے کی تاکید کرتے ہوئے اسے جانے دیا۔